ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی پولیس کو اپنے ہی اہلکاروں کے خلاف70ہزار سے زیادہ شکایتیں موصول ہوئیں 

دہلی پولیس کو اپنے ہی اہلکاروں کے خلاف70ہزار سے زیادہ شکایتیں موصول ہوئیں 

Mon, 20 Mar 2017 11:25:44  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 19؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی پولیس کو گزشتہ تین سالوں میں اس کے اپنے اہلکاروں کے خلاف 70ہزار سے زیادہ شکایتیں موصول ہوئی ہیں ، لیکن جانچ صرف 535معاملات کی ہی ہوئی ہیں اور اس دوران محکمہ نے 488اہلکاروں کو معطل کیا جبکہ تقریبا 40ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے ۔سال 2014، 2015اور 2016میں دہلی پولس کو 70724شکایتیں موصول ہوئیں لیکن اس نے محض 535شکایات پر ہی جانچ شروع کی۔دہلی کے آر ٹی آئی کارکن یوسف نقی نے آر ٹی آئی داخل کرکے دہلی پولیس سے تین سالوں میں پولیس حکام اور اہلکاروں کے خلاف آئی شکایات کے متعلق معلومات طلب کی تھی، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی پوچھا تھا کہ کتنی شکایات پر تحقیقات کی گئی اور کتنے ملازمین کو معطل یا برطرف کیا گیا؟آر ٹی آئی درخواست کے جواب میں دلی پولیس کے 35محکموں نے مذکورہ معلومات دی ہے۔دہلی پولیس نے بتایا کہ سال 2016میں اس کو 19660شکایتیں موصول ہوئیں مگر جانچ ہوئی صرف 160شکایتوں کی اور 126اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے، پولیس نے 12اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کیا ۔سال 2015میں پولیس کو 25901شکایتیں موصول ہوئیں ، لیکن جانچ صرف 191شکایات پر ہی شروع کی گئی اور 157ملازمین کو معطل کیا گیا، جبکہ پانچ اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔سال 2014میں محکمہ پولیس کو 25163شکایتیں موصول ہوئیں جبکہ انکوائری 184شکایات پر کی گئیں اور 205ملازمین کو معطل کیا گیا اور 23ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا گیا۔دہلی پولیس نے یہ بھی بتایا کہ 1020ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی جانچ زیر التوا ہے۔آر ٹی آئی کے مطابق، یہ شکایتیں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے، غفلت برتنے ، بدعنوانی اور مجرمانہ معاملات میں ملوث ہونے سے متعلق ہیں۔


Share: